تازہ ترین

ایرانی مالیاتی اداروں سے لین دین جاری رکھا تو پابندیاں لگ سکتی ہیں، امریکا

0

واشنگٹن: امریکا نے ایران کے ساتھ کاروباری اور مالی روابط رکھنے والے غیرملکی مالیاتی اداروں کو خبردار کیا ہے کہ ایرانی مالیاتی شعبے کے ساتھ لین دین جاری رکھنے کی صورت میں انہیں امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ نے کہا ہے کہ جو غیرملکی مالیاتی ادارے پابندیوں کی زد میں موجود ایرانی بینکوں کے ساتھ لین دین جاری رکھیں گے، انہیں ایسے معاملات اور مالیاتی تعلقات ختم کردینے چاہئیں۔

واشنگٹن کے مطابق ایران کے مالیاتی نظام کو عالمی مالیاتی نظام تک رسائی فراہم کرنے والے ادارے بھی امریکی پابندیوں کی زد میں آسکتے ہیں۔

امریکی حکام نے واضح کیا کہ ایرانی بینکوں، ان کی بیرون ملک شاخوں یا ذیلی اداروں کو مالیاتی خدمات فراہم کرنے والے غیرملکی اداروں کے خلاف بھی کارروائی کی جاسکتی ہے۔

امریکا نے ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کیلئے حالیہ دنوں میں پابندیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا ہے، جس میں ایرانی تجارتی اور مالیاتی نیٹ ورکس کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد ایران کی ان مالیاتی اور تجارتی سرگرمیوں کو محدود کرنا ہے جن کے ذریعے تہران پابندیوں سے بچنے یا مالی وسائل منتقل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

واشنگٹن نے غیرملکی بینکوں اور کمپنیوں پر بھی دباؤ بڑھا دیا ہے تاکہ وہ ایرانی مالیاتی اداروں کے ساتھ کاروباری روابط پر نظرثانی کریں اور امریکی پابندیوں کی زد میں آنے والے معاملات سے گریز کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.