شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ریاستی میڈیا کے مطابق سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر میر علی اور گردونواح میں کارروائی کی، جس کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
حکام کے مطابق کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ سکیورٹی فورسز نے میر علی بازار کے قریب راشن لے جانے والے ٹرک کو روکنے کی دہشتگردوں کی کوشش بھی ناکام بنا دی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے میر علی میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے دہشتگردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔
گزشتہ روز بھی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 7 دہشتگرد ہلاک کیے گئے تھے۔