پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے 4 اکتوبر کو ہونے والے لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مارچ کے دوران کوئی نقصان ہوا تو اس کی ذمہ داری کال دینے والوں پر ہوگی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وہ پارٹی کے لانگ مارچ کے مخالف نہیں اور 4 اکتوبر کو ہونے والے مارچ میں ضرور شریک ہوں گے۔ ان کے مطابق انہوں نے صرف اپنی تجاویز پارٹی قیادت کے سامنے رکھی ہیں۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ 26 نومبر 2024 کو جو کچھ ہوا، اگر 24 نومبر کو مذاکرات ہوجاتے تو صورتحال مختلف ہوسکتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کے لانگ مارچ کے نتیجے میں بانی پی ٹی آئی کو مزید دو سال جیل میں گزارنے پڑے۔
انہوں نے کہا کہ وہ آج بھی اپنے اس موقف پر قائم ہیں کہ اگر لانگ مارچ کی وجہ سے کوئی نقصان ہوا تو اس کے ذمہ دار مارچ کی کال دینے والے ہوں گے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وہ پہلے بھی پارٹی کے وفادار تھے اور آج بھی پارٹی کے وفادار ہیں۔ اگر پارٹی ان کے خلاف کوئی کارروائی کرنا چاہتی ہے تو وہ اس کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کا موقف پارٹی قیادت کے سامنے بطور تجویز موجود ہے، تاہم وہ 4 اکتوبر کے لانگ مارچ میں شرکت ضرور کریں گے۔