پاکستان میں شیڈول سہ ملکی ون ڈے سیریز خطرے میں، زمبابوے کی شرکت مشکوک
اسلام آباد: پاکستان میں آئندہ سال جنوری میں شیڈول سہ ملکی ون ڈے سیریز کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے، زمبابوے کی شرکت مشکوک ہونے کے بعد سیریز کے فارمیٹ میں تبدیلی پر غور شروع کردیا گیا۔ موجودہ صورتحال میں پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوطرفہ ون ڈے سیریز کھیلے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق زمبابوے کی جانب سے سیریز میں شرکت نہ کرنے کی وجہ تجارتی معاملات بتائی جارہی ہے، جبکہ دونوں فریق کسی دوسرے وقت سیریز کے انعقاد کے امکان پر بھی بات چیت کررہے ہیں۔
ابتدائی پروگرام کے تحت جنوری 2027 میں پاکستان، آئرلینڈ اور زمبابوے کے درمیان ایک روزہ سہ ملکی سیریز کھیلی جانی تھی، تاہم زمبابوے کی عدم شرکت کی صورت میں اسے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوطرفہ وائٹ بال سیریز میں تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔
آئرلینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ کرانے کی تجویز بھی زیر غور تھی، تاہم موجودہ صورتحال کے باعث اس کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔
کرکٹ آئرلینڈ کے ترجمان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئرلینڈ کرکٹ آئندہ دورے کے نئے شیڈول پر کام کررہے ہیں، جبکہ حتمی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔
پاکستان آئندہ سال ہونے والے عالمی کپ کی تیاری کے سلسلے میں زیادہ ایک روزہ میچز کھیلنے کا خواہاں ہے، جبکہ آئرلینڈ فروری میں ہونے والے عالمی کپ کے کوالیفائرز کی تیاری کررہا ہے۔
ایسے میں پاکستان کے خلاف مجوزہ ایک روزہ سیریز آئرلینڈ کیلئے بھی عالمی کپ کوالیفائرز کی تیاری کے اعتبار سے اہم ہوگی۔