اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں کے اہلخانہ کیلئے مالی معاونت کا اعلان کرتے ہوئے ہر خاندان کو ایک کروڑ 25 لاکھ روپے دینے کی ہدایت کردی، جبکہ جاں بحق افراد کے بچوں کی مفت تعلیم اور رہائش کا انتظام کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے صومالیہ میں جاں بحق پاکستانی شہری کاشف عمر کے بیٹے اذہان کاشف عمر سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اس مشکل اور دکھ کی گھڑی میں جاں بحق پاکستانیوں کے اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے تینوں پاکستانیوں کے اہلخانہ کیلئے فی خاندان ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے بچوں کی مفت تعلیم اور رہائش کا انتظام کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کے بچوں کی تعلیم اور بنیادی ضروریات متاثر نہ ہوں۔
شہباز شریف نے وزارت خارجہ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ کاشف عمر اور دیگر دو جاں بحق پاکستانیوں کے اہلخانہ سے براہ راست رابطہ کریں اور ان کی ضروریات کے مطابق ہر ممکن اقدامات یقینی بنائیں۔