اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ علاقائی تعاون سے متعلق اپنے وعدوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کریں اور واضح ترجیحات، قابلِ عمل اہداف اور مؤثر نگرانی کے نظام کے ذریعے مشترکہ مقاصد حاصل کریں۔
اسلام آباد میں پیر کو ای سی او وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے تمام وفود کی تعمیری شرکت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ہونے والی مشاورت نے علاقائی اقتصادی تعاون اور انضمام کے مشترکہ عزم کی توثیق کی ہے۔
پاکستان 2026-27 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کی سربراہی کر رہا ہے اور اس اجلاس کی میزبانی ’’علاقائیت کی بحالی، مضبوط اور مستحکم ای سی او کے لیے‘‘ کے عنوان سے کی گئی۔
اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون کے 2035 کے اسٹریٹجک اہداف کی منظوری کو تنظیم کے مستقبل کے لیے اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اہداف آئندہ دہائی میں علاقائی ترجیحات کے فروغ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل فراہم کریں گے۔ ان کے ساتھ اسلام آباد اعلامیے کی منظوری بھی اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب اصل ضرورت ان مشترکہ وعدوں کو عملی شکل دینے کی ہے، جس کے لیے واضح ترجیحات، حقیقت پسندانہ مدت اور مؤثر نگرانی کا نظام ضروری ہوگا۔
نائب وزیراعظم نے علاقائی تعاون کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ایک مضبوط، مؤثر اور حالات کے مطابق ردعمل دینے والی ای سی او کا حامی رہا ہے، جو جغرافیائی قربت، تاریخی روابط اور معاشی ہم آہنگی سے فائدہ اٹھا سکے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان تنظیم کی سربراہی کے دوران علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانے، رکن ممالک کے درمیان تجارت میں سہولت اور باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے تمام رکن ممالک اور اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
انہوں نے 2027 میں ای سی او وزرائے کونسل کے 31ویں اجلاس میں رکن ممالک کا دوبارہ خیرمقدم کرنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگلے اجلاس تک مشترکہ ترجیحات پر عملی پیش رفت کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔