پاکستان کے سابق سفیر برائے امریکا، چین اور اقوام متحدہ اور سابق صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی پاکستان کو ملنے والی سربراہی علاقائی رابطوں، تجارت اور معاشی تعاون کو فروغ دینے کا اہم موقع ہے، جس سے تنظیم کے دیرینہ مقاصد کو عملی شکل دی جا سکتی ہے۔
ایک انٹرویو میں سردار مسعود خان نے کہا کہ ای سی او کا قیام 1985 میں پاکستان، ترکیہ اور ایران نے عمل میں لایا تھا، جبکہ 1992 میں مزید سات ممالک کی شمولیت سے اس کے ارکان کی تعداد دس ہوگئی۔ ان کے مطابق تنظیم اپنی وسیع صلاحیت کے باوجود اب تک اس سطح پر ترقی نہیں کر سکی جس کی توقع کی جا رہی تھی۔ رکن ممالک ایک وسیع جغرافیائی خطے، بڑی آبادی اور تقریباً 3 ٹریلین ڈالر کی مجموعی قومی پیداوار کے حامل ہیں، جبکہ ان کا جغرافیائی محل وقوع اور موجودہ بنیادی ڈھانچہ علاقائی تجارت اور تعاون کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آئندہ دو سالہ سربراہی اور سیکریٹری جنرل سفیر اسد مجید کی قیادت تنظیم کو نئی سمت دینے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ اس دوران رسمی اجلاسوں کے بجائے قابلِ پیمائش نتائج، مضبوط اداروں اور علاقائی رابطوں کے عملی منصوبوں پر توجہ دینی چاہیے۔
سردار مسعود خان کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان تنازع ختم کرنے کی کوششوں میں پاکستان کے حالیہ سفارتی کردار نے عالمی سطح پر اس کی ساکھ میں اضافہ کیا ہے، جس سے پاکستان کو خطے میں تعمیری قیادت کا موقع مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای سی او کو مضبوط بنانا پاکستان کے اپنے قومی مقاصد، علاقائی رابطوں کے فروغ اور آنے والی دہائیوں میں بڑی معاشی طاقت بننے کی کوششوں سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔
افغانستان کی علاقائی معاشی سرگرمیوں میں شمولیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے کی طویل المدتی خوشحالی کے لیے افغانستان کا ای سی او کے معاشی نظام کا حصہ بننا ضروری ہے۔ تاہم انہوں نے افغان طالبان حکام کی پالیسیوں اور افغان سرزمین سے پاکستان کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد عناصر کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔