تازہ ترین

نئے صوبوں پر ریفرنڈم کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی، وزیراعظم اور صدر متفق

0

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق کسی بھی اقدام کو آئین میں طے شدہ طریقہ کار کے مطابق کرنے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ مجوزہ ریفرنڈم کے انعقاد اور اس کے سوالات کے تعین کے لیے بھی پارلیمنٹ کی منظوری ضروری قرار دی ہے۔

یہ اتفاق رائے ہفتے کے روز لاہور میں وزیراعظم کی ماڈل ٹاؤن رہائش گاہ پر دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران سامنے آیا۔ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق بحث دوبارہ شروع ہوگئی ہے اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس معاملے پر عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم کی تجویز پیش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری کے ہمراہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی ملاقات میں موجود تھے۔ صدر مملکت نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف سندھ اسمبلی کی اس متفقہ قرارداد کے مطابق ہے جس میں صوبے کی تقسیم کی مخالفت کی گئی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق کوئی بھی اقدام آئین میں درج طریقہ کار کے مطابق ہونا چاہیے، جس سے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اتفاق کیا۔ ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وزیراعظم کے صاحبزادے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز بھی شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ ریفرنڈم کے انعقاد یا عوام کے سامنے سوالات رکھنے کے معاملے میں پارلیمنٹ کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ اجلاس میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ ریفرنڈم ہوگا یا نہیں اور اس میں کون سے سوالات شامل ہوں گے، اس کا فیصلہ پارلیمنٹ کی اکثریت کرے گی، جبکہ اتفاق رائے کے بغیر یہ معاملہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔

یہ پیش رفت وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے دو روز قبل نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام پر عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم کی تجویز کے بعد سامنے آئی ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کو یقین دہانی کرائی تھی کہ کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل انہیں اعتماد میں لیا جائے گا۔

تاہم پیپلز پارٹی کی قیادت بالخصوص سندھ کی تقسیم کے معاملے پر اپنے مؤقف میں نرمی کے لیے تیار دکھائی نہیں دیتی۔ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر رہنما بارہا واضح کرچکے ہیں کہ سندھ کی تقسیم سیاسی اور قانونی طور پر قابل قبول نہیں۔

دوسری جانب حکمران اتحاد میں نئے صوبوں کے معاملے پر مختلف آرا بھی سامنے آئی ہیں۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے حال ہی میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ اگر صوبوں کی تشکیل لسانی، نسلی یا سیاسی بنیادوں کے بجائے انتظامی ضروریات کے تحت کی جائے تو پاکستان میں صوبوں کی تعداد 12 تک ہوسکتی ہے۔ ان کے مطابق بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر چھوٹے انتظامی یونٹس عوام کو بہتر خدمات فراہم کرسکتے ہیں۔ تاہم مسلم لیگ (ن) نے تاحال اس معاملے پر باضابطہ پالیسی کا اعلان نہیں کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.