تازہ ترین

امریکہ عالمی فوجداری عدالت کے سامنے اپنے شہریوں کو جواب دہ نہیں بنائے گا، روبیو

0

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایسے بین الاقوامی قوانین اور اداروں کا پابند نہیں جنہیں اس نے تسلیم نہیں کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ واشنگٹن اپنے شہریوں کو عالمی عدالت کے سامنے جواب دہ بنانے کی اجازت نہیں دے گا اور قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

فیڈرلِسٹ سوسائٹی کے 2026 نیشنل لائرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مارکو روبیو نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عالمی فوجداری عدالت پر عائد پابندیوں کا دفاع کیا۔ انہوں نے عدالت کو ایک غیر منتخب ادارہ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ خودمختار ممالک کے قوانین اور اختیارات سے بالاتر ہوکر فیصلے کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

روبیو کا کہنا تھا کہ عالمی فوجداری عدالت کو تحقیقات کرنے، مقدمات چلانے اور شہریوں کو جیل بھیجنے کے اختیارات حاصل ہیں، حالانکہ امریکہ نے نہ تو اس کے قوانین کی منظوری دی ہے اور نہ ہی اس کے دائرہ اختیار کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے واشنگٹن کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنے شہریوں کو اس عدالت کے سامنے جواب دہ نہیں ہونے دے گا۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2026 میں امریکی حکومت نے عالمی فوجداری عدالت کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔ ان اقدامات میں عدالت کے ساتھ مالی لین دین روکنے اور اس کی سرگرمیوں کو محدود کرنے کی کوششیں شامل ہیں، جبکہ پابندیوں پر عمل درآمد کے لیے 180 دن کی مہلت بھی مقرر کی گئی ہے۔

امریکہ کو عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے امریکی اہلکاروں اور اسرائیلی قیادت کے خلاف تحقیقات اور قانونی کارروائیوں پر بھی اعتراض ہے۔ عدالت نے غزہ جنگ سے متعلق مبینہ جرائم کے الزامات پر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

یاد رہے کہ امریکہ نے روم معاہدے پر دستخط تو کیے تھے، تاہم اس کی توثیق نہیں کی۔ واشنگٹن اسی بنیاد پر عالمی فوجداری عدالت کے دائرہ اختیار کو اپنے شہریوں پر لاگو کرنے کی مخالفت کرتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.