پاکستان کا آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعلان
پاکستان نے فلسطینی ریاست کے اعلانِ آزادی کی 38ویں سالگرہ کے موقع پر فلسطین کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے آزاد، خودمختار اور باوقار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام اس اہم موقع پر فلسطینی عوام اور ان کی حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مستقل اور بنیادی حصہ ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے کہ فلسطینی عوام کو اپنی آزاد اور خودمختار ریاست قائم کرنے کا حق حاصل ہے اور عالمی برادری کو اس مقصد کے حصول کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
فلسطین کے اعلانِ آزادی کی بنیاد 15 نومبر 1988 کو الجزائر میں فلسطینی قومی کونسل کے اجلاس کے دوران رکھی گئی تھی۔ اس اعلان میں مغربی کنارے اور غزہ پر مشتمل ایک خودمختار فلسطینی ریاست کا تصور پیش کیا گیا تھا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف قرار دیا گیا تھا۔ یہ اعلان فلسطینی عوام کی آزادی، خودمختاری اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ایک اہم سنگِ میل سمجھا جاتا ہے۔
پاکستان طویل عرصے سے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور ایک آزاد ریاست کے قیام کی حمایت کرتا آیا ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ فلسطینی ریاست کا قیام 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ہونا چاہیے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، تاکہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور پائیدار حل ممکن بنایا جاسکے۔
پاکستان نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی آزادی اور خودمختاری کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنی سفارتی اور اصولی حمایت جاری رکھے گا۔