تازہ ترین

خیبرپختونخوا میں سونے کی کان کنی پر پابندی، خلاف ورزی پر مشینری ضبط ہوگی

0

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے بھر میں سونے کی کان کنی کی سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے اور غیر قانونی کان کنی کی روک تھام کے لیے تمام مائننگ لیز منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افراد کو ایک ہفتے کے اندر کان کنی کے علاقوں سے بھاری مشینری ہٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں مشینری ضبط کرلی جائے گی۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کوہاٹ میں پولیس اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت کی، جس میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی سے واپس آنے والے 10 اہلکار شہید ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حملے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مثالی کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

گورنر نے مائننگ لیز رکھنے والوں کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر متعلقہ علاقوں سے بھاری مشینری ہٹا لیں، بصورت دیگر مشینری ضبط کرلی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جرمانے اب 25 یا 30 ہزار روپے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ قانون کے مطابق 20 لاکھ روپے تک ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے یہ تحقیقات کرنے کا بھی اعلان کیا کہ ماضی میں قانون کے مطابق جرمانے کیوں عائد نہیں کیے گئے۔

فیصل کریم کنڈی کے مطابق صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف کارروائی شروع کی گئی تھی۔ پولیس اہلکار ایک کامیاب آپریشن کے بعد واپس آرہے تھے کہ انہیں فتنۃ الخوارج نے نشانہ بنایا۔

گورنر نے الزام عائد کیا کہ فتنۃ الخوارج اور غیر قانونی کان کنوں کے درمیان گٹھ جوڑ موجود تھا، جس کے تحت کان کن دہشت گردوں کو بھتہ دیتے تھے اور بدلے میں انہیں تحفظ فراہم کیا جاتا تھا۔ ان کے بقول پولیس اہلکاروں کی شہادت کی وجہ یہی گٹھ جوڑ بنا۔

پریس کانفرنس میں گورنر نے کوہاٹ میں غیر قانونی کان کنی کے دوران استعمال ہونے والی مشینری اور آلات کی تفصیلات بھی پیش کیں۔ ان کے مطابق بلاک سی اور ڈی میں کان کنی جاری تھی، جس میں 8 ہزار 350 ٹرک، 3 ہزار 660 ایکسکیویٹرز، ڈائنامو والی ایک ہزار 730 ٹریکٹر ٹرالیاں، ایک ہزار 600 ڈمپرز، 200 ہیوی لوڈرز اور 49 ہزار سے 51 ہزار تک مزدور شامل تھے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ غیر قانونی کان کنی کا ماہانہ حجم 4 ارب 92 کروڑ روپے تھا، جبکہ 80 فیصد منافع افغانستان بھیجا جارہا تھا اور پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں استعمال ہورہا تھا۔

گورنر نے مزید دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں فروری 2026 میں طالبان رہنما نعمت اللہ عرف کمانڈر کی سربراہی میں یوتھ کمیٹی قائم کی گئی تھی، جس کا مقصد مقامی اور غیر مقامی افراد سے بھتہ وصول کرنا تھا۔ ان کے مطابق مقامی افراد سے ہفتہ وار 8 لاکھ روپے جبکہ غیر مقامی افراد سے ایک لاکھ 10 ہزار روپے وصول کیے جاتے تھے اور یہ رقم فتنۃ الخوارج پاکستان، سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے خلاف استعمال کرتا تھا۔

فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ کسی کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی اور اس گٹھ جوڑ میں ملوث ہر شخص کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست دان ہو، بیوروکریٹ یا پولیس افسر، جو بھی قصوروار پایا گیا اسے نتائج بھگتنا ہوں گے، چاہے وہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو۔

گورنر نے خیبرپختونخوا میں غیر قانونی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث 12 سیاست دانوں کے ناموں کی فہرست بھی پیش کی، جن میں پی ٹی آئی کے آفتاب عالم، رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی، سینیٹر خرم ذیشان، سابق گمبت ٹاؤن ناظم ساجد اقبال، سابق لاچی ٹاؤن ناظم احسان، پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی امجد آفریدی، جے یو آئی (ف) کے سابق ضلعی میئر سیٹھ سیف اللہ، نسیم آفریدی، جے یو آئی (ف) کے سابق امیدوار ایڈووکیٹ حماد اعظم، سہیل آفریدی کے بھائی نوید، اظہر بخاری اور نذیر آفریدی شامل ہیں۔ انہوں نے مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث مقامی رہائشیوں کی فہرست بھی پیش کی۔

گورنر نے شہید ڈی ایس پی حیدر زمان کے نام سے ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کیا، جو تین ہفتوں کے اندر صوبے میں سونے کی کان کنی سے متعلق جامع اور دیرپا حکمت عملی تیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں مائننگ لیز، متعلقہ قوانین اور کان کنی کے مزدوروں کی سیکیورٹی کے لیے بھی جامع نظام متعارف کرایا جائے گا۔

فیصل کریم کنڈی نے کوہاٹ حملے کی تحقیقات کے لیے پشاور ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں آئندہ ہفتے عدالتی کمیشن قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ ان کے مطابق کمیشن جلد رپورٹ پیش کرے گا تاکہ ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل کے ارکان پر بھی زور دیا کہ وہ غیر قانونی سونے کی کان کنی میں ملوث افراد اور مائننگ لائسنس جاری ہونے کے عمل کی تحقیقات کریں۔

پریس کانفرنس کے آغاز میں گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کو ایک ماہ سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے اور انتظامیہ صوبے میں امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔

حالیہ دو روزہ منرلز کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ اپنے قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لیے مشترکہ منصوبوں میں دلچسپی رکھتا ہے، تاہم عوام اور ان کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہوگا۔ ان کا الزام تھا کہ گزشتہ 13 برس سے صوبے کے وسائل لوٹے جارہے ہیں اور جب بھی بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور قومی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی جاتی ہے تو بعض عناصر اس کی مخالفت کرتے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ صوبے کے وسائل فروخت نہیں کیے جارہے بلکہ عوام کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔ ان کے بقول وسائل کی لوٹ مار میں ملوث کسی بھی شخص کو اس کے عہدے یا اثر و رسوخ سے قطع نظر نہیں بخشا جائے گا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے اور صوبے میں امن و ترقی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شکست قبول کرنا ان کے لیے کوئی آپشن نہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.