پاکستان 15 اور 16 نومبر کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان شرکت کریں گے، جبکہ ای سی او سیکریٹریٹ اور اس کے ذیلی اداروں کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
وزرائے خارجہ کے اجلاس سے قبل رکن ممالک کے اعلیٰ حکام کا اجلاس ہوگا، جس میں تنظیم کی سرگرمیوں اور پروگراموں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ذیلی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ وزارتی اجلاس کا ایجنڈا اور مجوزہ دستاویزات بھی حتمی شکل دی جائیں گی۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان 2026-2027 کے لیے ای سی او کی سربراہی کرتے ہوئے ’’علاقائیت کی بحالی، مضبوط ای سی او کے لیے‘‘ کے موضوع کے تحت تنظیم کے مقاصد کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا۔
پاکستان کی سربراہی میں علاقائی روابط مضبوط بنانے اور اقتصادی انضمام کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی تاکہ شراکت داری میں اضافہ، اجتماعی کوششوں کو تقویت اور پائیدار ترقی کے امکانات کو وسعت دی جاسکے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ای سی او کو علاقائی تعاون، مکالمے اور اقتصادی اشتراک کے مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر دوبارہ فعال بنانے کا خواہاں ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان خود کو علاقائی رابطوں کے مرکز، لاجسٹکس سپلائی چین کے سہولت کار اور علاقائی تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے والے ملک کے طور پر سامنے لانا چاہتا ہے۔
بیان کے مطابق ان کوششوں کا مقصد خطے کی معاشی صلاحیت سے فائدہ اٹھانا اور علاقائی تعاون کے ثمرات کو ای سی او کے رکن ممالک کے عوام کی زندگیوں میں بہتری کی صورت میں منتقل کرنا ہے۔