شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 16 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی، دتہ خیل اور گردونواح میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان کے مطابق علی خیل میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو افغان شہریوں سمیت 12 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ میر علی اور دتہ خیل میں دو، دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ کارروائیوں کے نتیجے میں علاقے میں سرگرم خوارج کے نیٹ ورک کو بھی نقصان پہنچا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید ہونے والوں میں ضلع صوابی کے رہائشی 43 سالہ حوالدار عصمت علی اور ضلع مردان کے رہائشی 32 سالہ نائیک آفتاب علی شامل ہیں۔
کارروائیوں کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔