پاکستان نے پولو ورلڈ کپ کوالیفائرز میں بھارت کو 4-7 سے ہرا دیا
پاکستان نے 13ویں پولو ورلڈ کپ زون ای کوالیفائرز میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی، جس کے بعد ورلڈ کپ تک رسائی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔
نائیجیریا میں جاری کوالیفائرز میں پاکستان، ایران، بھارت اور میزبان نائیجیریا کی ٹیمیں شریک ہیں۔ پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بھارت کو چار کے مقابلے میں سات گول سے شکست دی۔
قومی ٹیم نے اس سے قبل اپنے افتتاحی میچ میں ایران کو 6-10 سے ہرایا تھا۔ مسلسل دو فتوحات کے بعد پاکستان کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
پاکستانی ٹیم اپنا آخری میچ اتوار کو میزبان نائیجیریا کے خلاف کھیلے گی۔ اس میچ میں کامیابی کی صورت میں پاکستان یوراگوئے میں شیڈول پولو ورلڈ کپ میں جگہ بنا لے گا۔