تازہ ترین

ٹرمپ، پیوٹن اور شی جن پنگ کی پہلی سہ فریقی ملاقات آئندہ ہفتے چین میں ہوگی

0

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ آئندہ ہفتے چین کے شہر شین ژین میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) سربراہی اجلاس کے موقع پر پہلی مرتبہ سہ فریقی ملاقات کریں گے، جس میں جوہری ہتھیاروں میں کمی اور ایران کی صورتحال سمیت اہم عالمی امور زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان اولیویا ویلز نے صحافیوں کو بتایا کہ تینوں رہنماؤں کی ملاقات اے پی ای سی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوگی، جس کی میزبانی چین کا جنوبی شہر شین ژین کر رہا ہے۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ وہ اس ملاقات میں دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں میں کمی کے معاملے پر بھی بات کریں گے، کیونکہ وہ جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو انتہائی خطرناک سمجھتے ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق ایران کی صورتحال بھی ملاقات میں زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔ ایک سینئر امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ صدر ٹرمپ شی جن پنگ اور ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ گفتگو میں ایران کا معاملہ اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور امریکی جنگ سے متعلق امور پر بھی بات کریں گے۔

عہدیدار کے مطابق یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے واشنگٹن نے کیف اور ماسکو کے ساتھ مذاکرات کا الگ سلسلہ شروع کر رکھا ہے، جس میں حالیہ دنوں میں امریکی نمائندوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے بات چیت کی ہے۔ چونکہ چین اس مذاکراتی عمل کا براہِ راست حصہ نہیں، اس لیے سہ فریقی ملاقات میں یوکرین جنگ پر گفتگو متوقع نہیں۔

امریکی حکام نے بتایا کہ ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک بھی صدر ٹرمپ کے دورہ چین میں ان کے ہمراہ ہوں گے، تاہم وہ شی جن پنگ اور پیوٹن کے ساتھ ہونے والی سہ فریقی ملاقات میں شریک نہیں ہوں گے۔

شیڈول کے مطابق صدر ٹرمپ جمعرات کو چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ دوطرفہ ملاقات اور ورکنگ لنچ بھی کریں گے۔ گزشتہ سال دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد دونوں رہنماؤں کی یہ چوتھی ملاقات ہوگی، جبکہ پیوٹن کے ساتھ ٹرمپ کی الگ سے ون آن ون ملاقات طے نہیں ہے۔

امریکی حکام کے مطابق این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ سے متعلق مبینہ چینی جاسوس خاتون کے ساتھ تعلقات کے معاملے پر بھی دورہ چین کے دوران گفتگو متوقع نہیں۔ ایک سینئر امریکی عہدیدار نے کہا کہ اس معاملے کا صدر ٹرمپ کے دورے پر کوئی خاص اثر نہیں پڑنا چاہیے۔

حکام نے مزید واضح کیا کہ حساس سیمی کنڈکٹر چپ ٹیکنالوجی کی برآمدات پر امریکی پابندیوں کا معاملہ بھی چین کے ساتھ مذاکرات میں زیرِ بحث نہیں آئے گا۔ ان کے مطابق برآمدی پابندیاں قومی سلامتی سے متعلق معاملات ہیں، جن کا تعین امریکی انتظامیہ خود کرتی ہے۔

شیڈول کے مطابق صدر ٹرمپ پیر کو واشنگٹن سے روانہ ہوں گے اور منگل کو فلپائن پہنچیں گے، جہاں وہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس کے بعد وہ چین کے شہر شین ژین روانہ ہوں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.