موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کو قرضوں اور تباہی کے چکر سے نکالنا ہوگا، شیری رحمٰن
پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے عالمی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 پر زور دیا ہے کہ محض اعلانات اور وعدوں کے بجائے موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کے لیے قابلِ اعتماد، آسان اور منصفانہ مالی معاونت کا نظام تشکیل دیا جائے، کیونکہ پاکستان سمیت کمزور ممالک قدرتی آفات، قرضوں اور ترقی کے محدود ہوتے مواقع کے خطرناک چکر میں پھنس رہے ہیں۔
جمعے کو جاری بیان میں شیری رحمٰن نے ترکیہ کی جانب سے کوپ 31 کی میزبانی اور کانفرنس کی صدارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی عالمی سیاسی تقسیم اور موسمیاتی ہنگامی صورتحال کے دوران ترکیہ کا کردار اہمیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انطالیہ کانفرنس کو صرف نئے وعدوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ موسمیاتی یکجہتی کو ٹھوس مالیاتی اقدامات اور متاثرہ ممالک کے لیے بامعنی نتائج میں تبدیل کرنا چاہیے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے کوپ 31 کے رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے شیری رحمٰن نے کہا کہ دنیا اب موسمیاتی تبدیلی سے متعلق وعدوں اور فوسل فیول کی مسلسل حمایت کے تضاد کو برداشت نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتیں ایک طرف موسمیاتی بحران پیدا کرنے والی صنعتوں کو سبسڈی فراہم کر رہی ہیں جبکہ دوسری جانب متاثرہ ممالک کو موسمیاتی مالی معاونت دینے کے لیے وسائل کی کمی کا جواز پیش کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق عالمی سطح پر فوسل فیول سبسڈیز کا تخمینہ تقریباً 7 کھرب ڈالر ہے، جو وسائل کے غیر مؤثر استعمال کی عکاسی کرتا ہے۔
سینیٹر شیری رحمٰن نے خبردار کیا کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی صورتحال تشویشناک ہوتی جا رہی ہے اور 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کا ہدف مزید مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق کلائمیٹ ایکشن ٹریکر کے جائزے میں موجودہ پالیسیوں کے تحت رواں صدی کے اختتام تک عالمی درجہ حرارت میں تقریباً 2.7 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ اس سے قبل یہ تخمینہ 2.6 ڈگری تھا۔
انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت میں 2.7 ڈگری تک اضافے کے نتائج پاکستان جیسے ممالک کے لیے تباہ کن ہو سکتے ہیں، جہاں موسمیاتی شدت پہلے ہی لوگوں کے روزگار، غذائی تحفظ، آبی وسائل اور معاشی استحکام کو متاثر کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی اقدامات میں تاخیر کی قیمت انسانی جانوں، بے گھر ہونے والی آبادیوں اور کئی دہائیوں کی ترقی کے نقصان کی صورت میں ادا کرنا پڑے گی۔
شیری رحمٰن نے پاکستان کی موسمیاتی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے تھے، جبکہ نقصانات کا تخمینہ تقریباً 30 ارب ڈالر لگایا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2025 کے سیلاب سے زراعت کے شعبے کو ہونے والے نقصانات کا تخمینہ ایک ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔
سینیٹر نے کہا کہ یہ واقعات الگ تھلگ قدرتی آفات نہیں بلکہ پاکستان کی معیشت، غذائی تحفظ، بنیادی ڈھانچے اور ترقی کے امکانات پر مسلسل دباؤ کی عکاسی کرتے ہیں۔ پاکستان خیرات نہیں بلکہ موسمیاتی انصاف، مالیاتی جواب دہی اور منصفانہ عالمی نظام کا مطالبہ کر رہا ہے۔