پاکستان پوسٹ میں بھرتیوں کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے صاحبزادے اسد محمود نیب کے دوسرے طلبی نوٹس پر بھی پیش نہیں ہوئے۔
روزنامہ ڈان کی رپورٹ کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے اسد محمود کو 10 نومبر کو جاری کیے گئے پہلے نوٹس پر پیش نہ ہونے کے بعد دوسرا نوٹس بھیجا تھا، جس میں انہیں جمعے کے روز تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔ تاہم وہ مقررہ تاریخ پر نیب راولپنڈی اسلام آباد ریجنل آفس نہیں پہنچے۔
ذرائع کے مطابق نیب جلد اسد محمود کو تیسرا نوٹس جاری کرے گا اور اس پر بھی عمل نہ ہونے کی صورت میں گرفتاری سمیت سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے معاملات میں نیب عموماً ملزم کو دوسرا اور تیسرا نوٹس جاری کرتا ہے اور تینوں نوٹسز کو نظر انداز کرنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
نیب کے نوٹس کے مطابق اسد محمود کو پاکستان پوسٹ میں 2022-23 کے دوران 4252 بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
اسد محمود 2022-23 میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کے دور میں وفاقی وزیر کے عہدے پر فائز رہے تھے۔