بلوچستان میں 19 نومبر کو شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاج کا اعلان، سیاسی جماعتوں کی عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ
بلوچستان کی مختلف سیاسی جماعتوں نے 19 نومبر کو صوبے بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ جماعتوں کے عہدیداروں اور کارکنوں کو ضلعی سطح پر اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جمعے کو کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی امیر کی رہائش گاہ پر منعقدہ کثیر الجماعتی کانفرنس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور صوبہ گیر ہڑتال و احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے شرکا نے تمام سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں فوری اجلاس بلائیں اور عوام کو احتجاج کے لیے تیار کرنے کی غرض سے رابطہ مہم شروع کریں۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں سیاسی جماعتوں، تاجروں اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے جاری احتجاجی تحریک کی بھرپور حمایت کی اپیل کی گئی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ ملک اور بلوچستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔
کثیر الجماعتی کانفرنس نے اسلام آباد میں معدنی وسائل سے متعلق منعقدہ سیمینار کی سفارشات کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کا بیان حقائق کے منافی تھا۔
اعلامیے کے مطابق صوبے کی تمام سیاسی جماعتیں مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کو مسترد کر چکی ہیں اور اس قانون کے خلاف احتجاج کے ساتھ اعلیٰ عدلیہ سے بھی رجوع کر چکی ہیں۔
اجلاس میں کہا گیا کہ پہلے موجودہ قانون منسوخ کرکے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد نیا قانون متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا تھا، اس لیے اسلام آباد میں ہونے والے سیمینار کی سفارشات صوبے کی سیاسی جماعتوں اور عوام کے لیے قابلِ قبول نہیں ہیں۔
شرکا نے ملک بھر کے تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور ان کے حامیوں کی جانب سے سیاسی رہنماؤں کے خلاف مبینہ منفی مہم کی مذمت کی گئی۔
کانفرنس کے اعلامیے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر بھی تنقید کی گئی اور مؤقف اختیار کیا گیا کہ حکومتیں عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں، شہریوں کے آئینی و قانونی حقوق متاثر ہو رہے ہیں اور مختلف شعبوں میں حالات مسلسل خراب ہو رہے ہیں۔