تازہ ترین

امریکا میں فضائی ٹریفک کنٹرول نظام کی خرابی، 15 ہزار سے زائد پروازیں متاثر

0

امریکا میں ایئر ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث ملک بھر میں فضائی آپریشن شدید متاثر ہونے کے بعد پروازیں مرحلہ وار بحال کر دی گئی ہیں۔ نظام میں تعطل کے نتیجے میں 6 ہزار 600 سے زائد پروازیں منسوخ جبکہ 8 ہزار 600 سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوئیں، جس کے باعث ہزاروں مسافر مختلف ہوائی اڈوں پر پھنس گئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے جمعے کو ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز کے مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث ملک گیر گراؤنڈ اسٹاپ جاری کیا تھا، جس کے تحت پروازوں کی روانگی روک دی گئی۔

امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے بتایا کہ امریکی فضائی حدود رات 8 بج کر 15 منٹ پر دوبارہ کھول دی گئیں، تاہم پروازوں کی بحالی مرحلہ وار جاری رہے گی۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ فضائی آپریشن مکمل طور پر معمول پر آنے میں کئی روز لگ سکتے ہیں۔

شان ڈفی کے مطابق تکنیکی خرابی جمعے کی سہ پہر 3 بج کر 36 منٹ پر ریڈار اور مواصلاتی نظام میں عدم استحکام کے باعث شروع ہوئی۔ ڈیٹا کی غیر معمولی ترسیل کے نتیجے میں سوئچز اور روٹرز پر دباؤ بڑھا، جس سے نظام کے اعداد و شمار میں تضادات پیدا ہوئے اور حفاظتی اقدامات کے تحت پروازیں روکنا پڑیں۔

امریکی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ فوری تکنیکی مسئلہ حل کر لیا گیا ہے اور فضائی سفر محفوظ ہے، تاہم پروازوں کا شیڈول معمول پر لانے کے لیے مرحلہ وار اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.