ترکیہ اور قطر کے درمیان دفاعی معاہدہ طے پا گیا، دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق
ترکیہ اور قطر نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ یہ معاہدہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دے گا اور دفاعی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
ترک صدر کے دفتر کے مطابق معاہدے کا اعلان استنبول میں صدر اردوان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی ملاقات کے بعد کیا گیا۔ قطری امیر ترکیہ کے جنوبی علاقے میں اقوام متحدہ کے کوپ 31 ماحولیاتی اجلاس میں شرکت کے بعد استنبول پہنچے تھے۔
ملاقات کے دوران صدر اردوان نے کہا کہ ترکیہ اور قطر کے درمیان طے پانے والا باہمی دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا۔ تاہم بیان میں معاہدے کی تفصیلات سے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ اردوان نے دفاعی صنعت کے شعبے میں بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کا اعلان کیا۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک خلیجی خطے میں جنگ دوبارہ شروع ہونے سے روکنے، مذاکرات اور امن کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ پر اسرائیلی حملوں، فلسطینی علاقے میں انسانی صورتحال، شام میں معمول کے تعلقات کی بحالی کی کوششوں اور لیبیا کی تازہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال اگست میں ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان نے مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ گزشتہ ہفتے ترک پارلیمنٹ نے اس معاہدے کی توثیق بھی کر دی، جس کے بعد انقرہ کے لیے سعودی عرب کو فوجی معاونت فراہم کرنے کی راہ ہموار ہوئی۔ تینوں علاقائی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت کسی ایک ملک پر حملے کو تمام فریقین پر حملہ تصور کیا جائے گا۔