حکومت سندھ نے صوبائی محکموں میں استعمال ہونے والی روایتی گاڑیوں کو مرحلہ وار الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد سرکاری اخراجات میں کمی، ایندھن کی بچت اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ہے۔
سرکاری دستاویزات اور اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے کفایت شعاری کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، متعلقہ صوبائی سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر سرکاری اخراجات میں کمی، ایندھن کی بچت اور مختلف محکموں کی گاڑیوں کی ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ داخلہ، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور یونیورسٹیز و بورڈز کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری کی منظوری بھی دی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل میں سرکاری محکموں کے لیے گاڑیاں خریدتے وقت روایتی گاڑیوں کے بجائے الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی۔
سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ سرکاری وسائل کی بچت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے اخراجات کم کرنے کے ساتھ ماحول کا تحفظ بھی ممکن ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی اور قومی خزانے پر مالی بوجھ کم ہوگا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ مستقبل الیکٹرک گاڑیوں کا ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ سرکاری ادارے بھی ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنائیں اور روایتی ایندھن پر انحصار بتدریج ختم کریں۔
صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ روایتی گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں شہری ماحول اور فضا کو نقصان پہنچاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلدیاتی اداروں میں بھی روایتی گاڑیوں کے متبادل کے طور پر الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔