تازہ ترین

چھوٹے ہتھیاروں پر مہارت بنیادی فوجی تربیت کا لازمی حصہ ہونی چاہیے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

0

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جہلم میں 46ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ یہ مقابلے 7 اکتوبر سے 11 نومبر 2026 تک جاری رہے، جبکہ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب میں مہمان اعزاز کی حیثیت سے شرکت کی۔

تقریب کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نیول چیف نے مختلف مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے نشانہ بازوں میں ٹرافیاں اور تمغے تقسیم کیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مقابلوں میں پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ اور سول آرمڈ فورسز کے 1500 سے زائد نشانہ بازوں نے حصہ لیا۔ اس کے علاوہ پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن اور عام شہریوں کی ٹیمیں بھی مقابلوں میں شریک ہوئیں۔

چوتھی انٹر سروسز کومبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ کی ٹرافی پاکستان آرمی نے اپنے نام کی، جبکہ پاک فوج کی آرمی مارکس مین شپ یونٹ نے پرائم منسٹر اسکلز ایٹ آرمز بگ بور نیشنل چیلنج میچ میں کامیابی حاصل کی۔

ماسٹر ایٹ آرمز ٹرافی (ڈولی کپ) پنجاب رجمنٹ کے حوالدار فضل الرحمٰن کو دی گئی۔ پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی میچ اور انفنٹری اسکواڈ میچ میں بھی کامیابی حاصل کی۔

شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نشانہ بازوں کی مہارت اور درست نشانے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شوٹنگ میں مہارت حاصل کرنا ایک پیشہ ور فوجی کی پہچان ہے اور چھوٹے ہتھیاروں پر عبور بنیادی فوجی تربیت کا لازمی جز ہونا چاہیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن اور کمانڈر راولپنڈی کور نے تقریب میں آمد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.