کوہاٹ: خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے دور افتادہ علاقے دربوکچ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف پولیس آپریشن کے دوران مسلح افراد نے اہلکاروں پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں مقامی پولیس افسر کے مطابق دو اعلیٰ افسران سمیت 10 اہلکار شہید اور 11 زخمی ہو گئے۔ حملے میں پولیس کی موبائل گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی گئی، جبکہ علاقے میں حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کوہاٹ کے ترجمان جواد آفریدی کے مطابق واقعہ دربوکچ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں پولیس غیر قانونی گولڈ مائننگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کر رہی تھی کہ اس دوران مسلح افراد نے پولیس نفری کو نشانہ بنا لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ پر متعدد لاشیں موجود ہونے کی اطلاعات ہیں اور زخمیوں سمیت شہید اہلکاروں کی میتوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق علاقہ انتہائی دور افتادہ ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں اور زخمیوں و میتوں کی منتقلی میں مشکلات اور تاخیر کا سامنا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان اور سب انسپکٹر مختیار بھی شامل ہیں۔
مقامی پولیس افسر فیصل خان نے دو اعلیٰ پولیس افسران سمیت 10 اہلکاروں کی شہادت اور 11 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب ابتدائی اطلاعات میں پولیس کی پانچ موبائل گاڑیوں کو آگ لگائے جانے کا ذکر کیا گیا ہے۔
آئی جی پولیس دفتر پشاور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کوہاٹ پولیس کی جانب سے عسکریت پسندوں اور جرائم پیشہ عناصر کے مبینہ گٹھ جوڑ کے ذریعے جاری غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جا رہا تھا۔ تھانہ گمبٹ کی حدود میں دربوکچ کے مقام پر کارروائی کے دوران عسکریت پسندوں نے پولیس نفری پر اچانک حملہ کر دیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں پر گھات لگا کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہوئے۔ ڈی پی او کوہاٹ رائے مظہر اقبال کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے تازہ دم دستے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں، جہاں حملہ آوروں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش اور علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس اہلکاروں پر مسلح حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ گورنر ہاؤس پشاور کے ترجمان کے مطابق انہوں نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، جبکہ پولیس حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پولیس ٹیم پر حملے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ’فتنہ الخوارج‘ اور جرائم پیشہ عناصر کا گٹھ جوڑ صوبے میں امن و امان کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
کوہاٹ کے دور افتادہ علاقے دربوکچ میں پیش آنے والے اس واقعے نے غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی چیلنجز کو ایک بار پھر نمایاں کر دیا ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیمیں زخمیوں اور شہداء کو منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔