تازہ ترین

صدر زرداری کے قافلے میں خراب گاڑی شامل کرنے کا معاملہ، آئی جی سندھ نے انکوائری کمیٹی بنا دی

0

نواب شاہ: صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے صدارتی قافلے میں تکنیکی خرابی کا شکار سرکاری گاڑی شامل ہونے کا معاملہ سامنے آنے پر آئی جی سندھ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی تین رکنی انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے اور سات روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت کے دورہ ٹھٹھہ کے دوران صدارتی قافلے میں شامل سندھ پولیس کی سرکاری ٹویوٹا ریوو ڈبل کیبن گاڑی نمبر SPF-961 میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی تھی۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ نے معاملے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا۔

آئی جی سندھ کے دفتر سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کو انکوائری کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈی آئی جی لاجسٹکس اینڈ ویلفیئر زبیر دریشک اور ڈی آئی جی فنانس تنویر عالم اوڈھو کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔

کمیٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ خراب اور سڑک پر چلنے کے قابل نہ ہونے والی گاڑی کو صدرِ مملکت کے قافلے میں ڈیوٹی کے لیے کس بنیاد پر شامل کیا گیا اور اس کے معائنے اور تعیناتی کے ذمہ دار افسران و اہلکار کون تھے۔

انکوائری کمیٹی گاڑی کی تعیناتی کے وقت اس کی مکینیکل حالت، پہلے سے موجود تکنیکی نقائص اور مرمت و مینٹیننس کے ریکارڈ کا جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے پیٹرول، ٹرانسپورٹ کی مرمت اور نئی گاڑیوں کی خریداری کے لیے مختص اور استعمال کیے گئے فنڈز کی بھی جانچ کی جائے گی۔

کمیٹی غفلت کے ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کا تعین کرکے متعلقہ قواعد کے تحت محکمانہ کارروائی کی سفارش کرے گی، جبکہ مستقبل میں وی آئی پی اور وی وی آئی پی قافلوں میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تجاویز بھی پیش کرے گی۔

آئی جی سندھ نے انکوائری کمیٹی کو سات روز کے اندر مکمل تحقیقاتی رپورٹ اور سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.