کوئٹہ: بلوچستان میں سعودی سرمایہ کاری کے نئے امکانات روشن ہونے لگے ہیں، جہاں سعودی عرب نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے صوبے کے ہنرمند نوجوانوں کو مملکت میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کی، جس میں صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع اور اقتصادی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر دس رکنی سعودی کاروباری وفد کو بلوچستان میں دستیاب قدرتی وسائل، سرمایہ کاری کے مواقع اور سرمایہ کاری کے لیے تیار منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بی ٹیوٹا کے ایم ڈی عبدالکبیر زرکون اور لیڈا کے ایم ڈی لیاقت کاشانی بھی شریک تھے۔
شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے بلوچستان کے تیار سرمایہ کاری منصوبوں میں عملی طور پر حصہ لینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مختلف منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی صوبے کو سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سعودی کاروباری وفد کی صوبے آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی سرمایہ کاری سے بلوچستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل، معدنیات، زراعت، لائیو اسٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات رکھتا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی اور تجارتی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کی بلوچستان میں دلچسپی صوبے کی معیشت، روزگار اور ترقی کے نئے امکانات کو وسعت دے گی۔