تازہ ترین

کوئٹہ میں گیس لیکج سے دھماکہ، ماں اور 6 سالہ بیٹی سمیت 4 افراد جھلس کر زخمی

0

کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے مری اسٹریٹ میں گیس لیکج نے ایک گھر کو دھماکے سے لرزا دیا، جس کے نتیجے میں ماں اور کمسن بیٹی سمیت چار افراد شدید جھلس کر زخمی ہوگئے۔ متاثرہ خاتون اور 6 سالہ بچی کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ارباب کرم خان روڈ پر واقع مری اسٹریٹ میں گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکہ ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تمام زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کے برن یونٹ منتقل کردیا گیا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والی خاتون کا جسم 90 فیصد جبکہ ان کی 6 سالہ بچی کا جسم 60 فیصد تک جھلس چکا ہے۔ دونوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

واقعے میں زخمی ہونے والے دیگر دو افراد کو معمولی زخم آئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال سے فارغ کردیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ گیس لیکج کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.