کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے کا مستقبل جدید تعلیم، پیشہ ورانہ مہارتوں اور ٹیکنالوجی سے آراستہ نوجوانوں سے وابستہ ہے، جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) بلوچستان کے لیے ترقی اور نئے معاشی مواقع کا اہم ذریعہ بن سکتی ہے۔
یونیورسٹی آف بلوچستان کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یونیورسٹی صوبے کے ممتاز تعلیمی اداروں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات نے قومی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے سابق طلبہ میں متحرک رہنما، دانشور، محققین اور مختلف شعبوں کے ماہرین شامل ہیں، جنہوں نے اپنے اپنے میدانوں میں خدمات انجام دے کر ملک کی ترقی میں حصہ ڈالا ہے۔
جعفر خان مندوخیل کا کہنا تھا کہ دنیا اس وقت چوتھے صنعتی انقلاب کے دور سے گزر رہی ہے، جہاں مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس، شمسی توانائی اور جدت طرازی نے ترقی کے روایتی تصورات تبدیل کر دیے ہیں۔ ایسے حالات میں صرف روایتی ڈگریاں حاصل کرنا کافی نہیں بلکہ طلبہ کو پیشہ ورانہ مہارتوں، تخلیقی سوچ اور بدلتے ہوئے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت بھی پیدا کرنا ہوگی۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے صوبے کو قدرتی حسن کے ساتھ بے پناہ انسانی صلاحیتوں اور غیرمعمولی جغرافیائی اہمیت سے بھی نوازا ہے۔ بلوچستان وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے لیے ایک اہم گزرگاہ کی حیثیت رکھتا ہے۔
سی پیک کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوادر اس منصوبے کا مرکز ہے اور یہ محض ایک ترقیاتی منصوبہ نہیں بلکہ ترقی، خوشحالی اور نئے مواقع کا دروازہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بلوچستان میں ہنرمند، تعلیم یافتہ اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ افرادی قوت تیار کرلی جائے تو صوبے کے لیے ترقی کے نئے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔
جعفر خان مندوخیل نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان کے عوام چین پاکستان اقتصادی راہداری اور ابھرتی ہوئی نئی علاقائی معیشت سے سب سے پہلے اور زیادہ مستفید ہونے والوں میں شامل ہوں گے۔