موسمیاتی بحران شدت اختیار کر رہا ہے، فوسل فیول پر انحصار دنیا کو عدم تحفظ کی طرف لے جا رہا ہے، گوتریس
انطالیہ: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ دنیا کو تیزی سے شدت اختیار کرتے موسمیاتی بحران کا سامنا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی سربراہی کانفرنس کوپ 31 سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ دنیا اب بھی فوسل فیول یعنی کوئلے، تیل اور گیس سے فائدہ اٹھا رہی ہے، جبکہ ان کے استعمال کے نتیجے میں زمین اور ماحول کو مسلسل نقصان پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوسل فیول کے حق میں پیش کیے جانے والے دلائل اب کمزور پڑ رہے ہیں۔ اس ایندھن پر انحصار برقرار رکھنا دنیا کو مستقل عدم تحفظ اور مہنگائی کے سنگین بحران کی جانب لے جانے کے مترادف ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ موسمیاتی بحران کی شدت کم کرنے اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو محض بیانات کے بجائے عملی اور فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف بھی ترکیہ کے شہر انطالیہ میں کوپ 31 کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچے ہیں، جہاں ترک صدر رجب طیب اردوان نے ان کا استقبال کیا۔