اردن کے چرچ میں فائرنگ سے 7 افراد ہلاک، 10 زخمی
اردن کے صوبے کرک میں مذہبی اجتماع کے دوران مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ سے 7 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے، جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ حملہ آوروں کی شناخت تاحال سامنے نہیں آسکی۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اردن کی پبلک سکیورٹی ایجنسی نے بتایا کہ واقعہ دارالحکومت عمان کے جنوب میں واقع صوبے کرک کے حمود چرچ میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کی۔ ریاستی ٹی وی کے مطابق حملے کے وقت چرچ میں مذہبی رسومات ادا کی جارہی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق دو حملہ آور ایک گاڑی سے اترے اور چرچ کے اندر فائرنگ شروع کردی۔ واقعے میں 7 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے، جبکہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔
حکومتی ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک عینی شاہد نے بتایا کہ حملہ آوروں میں سے ایک کے پاس اے کے 47 کلاشنکوف تھی اور کئی منٹ تک فائرنگ جاری رہی۔