اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری نے وفاقی سروس ٹریبونل کے چیئرمین اور ایک رکن کی تقرری سمیت تین اہم سمریوں کی منظوری دے دی ہے۔
منظور کی گئی سمریوں میں پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایسٹس مینجمنٹ اتھارٹی بل 2026 اور سول سرونٹس ترمیمی بل 2026 بھی شامل ہیں۔
پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایسٹس مینجمنٹ اتھارٹی بل 2026 کا مقصد سرکاری انفراسٹرکچر منصوبوں اور وفاقی اثاثوں کی منصوبہ بندی، عملدرآمد اور انتظام کیلئے ایک مرکزی اتھارٹی قائم کرنا ہے۔
قانون کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے درمیان بہتر رابطہ، انفراسٹرکچر اثاثوں کی دیکھ بھال اور وفاقی حکومت کی زمینوں اور عمارتوں کا جامع ڈیٹا مرتب کرنے کا نظام قائم کیا جائے گا۔
اس قانون کا مقصد سرکاری اثاثوں کے بہتر انتظام، تجاوزات کی روک تھام اور ترقیاتی منصوبوں میں جدید معیار اور بہترین طریقہ کار پر عملدرآمد کو یقینی بنانا بھی ہے۔
سول سرونٹس ترمیمی بل 2026 کا مقصد وفاقی سول سروس میں انتظامی فیصلوں کے عمل کو آسان اور مؤثر بنانا ہے۔
ترمیمی قانون کے تحت وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے پاس موجود بعض معمول کے انتظامی اختیارات متعلقہ وفاقی سیکریٹریز یا مجاز حکام کو منتقل کیے جائیں گے، جس سے انتظامی معاملات میں تاخیر کم کرنے میں مدد ملے گی۔