تازہ ترین

ایران سے صرف یقین دہانی نہیں، ٹھوس اقدامات چاہتے ہیں، امریکی نائب صدر

0

واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے کیلئے تہران سے جوہری پروگرام میں واضح اور قابلِ عمل اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ محض مستقبل میں جوہری سرگرمیاں محدود کرنے کی یقین دہانی کافی نہیں ہوگی۔

امریکی نائب صدر نے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ ایران کو اپنے یورینیم افزودگی کے پروگرام میں نمایاں کمی کرنا ہوگی، جبکہ جوہری ہتھیار نہ بنانے کے عزم کو عملی اقدامات کے ذریعے ثابت کرنا ہوگا۔

جے ڈی وینس کے مطابق اگر ایران جوہری ہتھیار بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا تو اسے 60 فیصد تک افزودہ ایندھن کی ضرورت کی وضاحت کرنا ہوگی اور انتہائی افزودہ مواد کی تیاری روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ معاہدے کیلئے تیار ہے، تاہم واشنگٹن کو تہران کی جانب سے جوہری پروگرام کے حوالے سے واضح اور عملی رعایتیں درکار ہیں۔

امریکی نائب صدر نے بتایا کہ واشنگٹن ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے، تاہم ان کے بقول ایرانی نظام میں حتمی فیصلے کس سطح پر کیے جاتے ہیں، یہ مکمل طور پر واضح نہیں۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کیلئے تجاویز کا تبادلہ ہوا ہے، تاہم واشنگٹن کو ایرانی پیشکش پر مزید ٹھوس اقدامات درکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی فورسز بعض اوقات آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں، تاہم ان کے بقول ایران بڑے پیمانے پر توانائی کی برآمدات روکنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

امریکی نائب صدر کے مطابق ایران کے ساتھ جاری جنگ پر امریکا کو ہر ماہ تقریباً 3 ارب ڈالر خرچ کرنا پڑ رہے ہیں، جبکہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے نے نومبر کے وسط مدتی انتخابات سے قبل ٹرمپ انتظامیہ اور ریپبلکن پارٹی کیلئے سیاسی دباؤ میں اضافہ کیا ہے۔

2028 کے صدارتی انتخابات میں ممکنہ طور پر حصہ لینے کے سوال پر جے ڈی وینس نے کہا کہ انہوں نے ابھی اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.