بلوچستان کی معیشت کو جامع بنیادوں پر متحرک کرنے کی کوششیں جاری ہیں، بلال خان کاکڑ
بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت بلوچستان کی ترقی کو کسی ایک شعبے یا بڑے منصوبے تک محدود رکھنے کے بجائے پوری معیشت کو متحرک کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
کاروباری شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ایسا سازگار معاشی ماحول پیدا کرنا ہے جہاں مقامی کاروبار وسعت اختیار کریں، نوجوان ملازمت کے متلاشی بننے کے بجائے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی جانب آئیں اور سرمایہ کار بلوچستان کو ایک قابلِ اعتماد کاروباری مرکز سمجھیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی اصل طاقت اس کے وسیع معاشی امکانات ہیں۔ معدنیات، ساحلی معیشت، زراعت، لائیو اسٹاک، ماہی گیری، سیاحت اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں نئے کاروباری مواقع اور ماڈلز کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان امکانات کو محض رپورٹس اور دستاویزات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اور قابلِ عمل منصوبوں میں تبدیل کیا جائے۔
بلال خان کاکڑ نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ کی ترجیح صرف سرمایہ کاری حاصل کرنا نہیں بلکہ اسے کامیاب اور پائیدار بنانا ہے۔ اس مقصد کے لیے سرمایہ کاروں کو درست معلومات، بروقت رہنمائی اور متعلقہ سرکاری اداروں تک آسان رسائی فراہم کرنا ضروری ہے۔