تازہ ترین

عالمی فوجداری عدالت نے 4 طالبان رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے

0

دی ہیگ: عالمی فوجداری عدالت نے افغانستان کی صورتحال سے متعلق کیس میں طالبان کے چار سینئر رہنماؤں کے خلاف جاری کیے گئے وارنٹ گرفتاری منظرعام پر لاتے ہوئے ان پر خواتین اور لڑکیوں کے خلاف صنفی بنیادوں پر مبینہ جرائم کے الزامات عائد کیے ہیں۔

عدالت کے مطابق وارنٹ طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخونزادہ، چیف جسٹس عبدالحکیم حقانی، وزیر تعلیم حبیب اللہ آغا اور وزیر اعلیٰ تعلیم ندا محمد ندیم کے خلاف جاری کیے گئے تھے۔

ملا ہیبت اللہ اخونزادہ اور عبدالحکیم حقانی کے وارنٹ 8 جولائی 2025 جبکہ حبیب اللہ آغا اور ندا محمد ندیم کے وارنٹ 9 ستمبر 2025 کو جاری کیے گئے تھے، جنہیں بعد میں خفیہ رکھا گیا۔

عدالت کے مطابق طالبان قیادت کی جانب سے خواتین، لڑکیوں اور طالبان کی صنفی پالیسی سے مطابقت نہ رکھنے والے افراد کو مبینہ طور پر منظم طریقے سے نشانہ بنایا گیا، جبکہ خواتین اور لڑکیوں کے تعلیم، نقل و حرکت اور اظہار سمیت بنیادی حقوق پر پابندیاں عائد کی گئیں۔

عدالتی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ مبینہ جرائم 15 اگست 2021 سے کم از کم 20 جنوری 2025 تک جاری رہے۔ ان میں قتل، قید، تشدد، جنسی تشدد اور جبری گمشدگی سمیت سنگین جرائم کے الزامات شامل ہیں۔

عالمی فوجداری عدالت نے 5 اکتوبر 2026 کو چاروں وارنٹ عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد ان وارنٹس کی تفصیلات باضابطہ طور پر منظرعام پر آگئیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.