اسلام آباد: آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں مختلف منصوبوں کی تکمیل اور اداروں کے درمیان رابطہ کاری سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی اسکیموں، سڑکوں کی بحالی، سماجی و اقتصادی منصوبوں اور خطے میں انتظامی اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور مختص فنڈز کا مناسب اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے نتیجے میں پائیدار معاشی ترقی، عوامی خدمات میں بہتری اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی ہونی چاہیے۔
ڈپٹی وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں پر کام وزیراعظم پاکستان اور وزیراعظم آزاد کشمیر کی ہدایات اور عوامی ضروریات و توقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھایا جائے۔