اسلام آباد: حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے درمیان پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 392 روپے 76 پیسے جبکہ ڈیزل 399 روپے 64 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 10 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 30 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 3 سے 5 اکتوبر تک ہوگا۔
نئی قیمتوں کے بعد پیٹرول 390 روپے 66 پیسے سے بڑھ کر 392 روپے 76 پیسے فی لیٹر ہوگیا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 399 روپے 34 پیسے سے بڑھ کر 399 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے پیٹرول پر فی لیٹر 114 روپے جبکہ ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی وصولی بدستور جاری ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 3 اپریل کو 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی تھی، جبکہ پیٹرول بھی اسی روز 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر پہنچا تھا۔
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث حکومت نے کفایت شعاری کے بعض اقدامات بھی دوبارہ نافذ کیے ہیں، جن میں مارکیٹیں رات 9 بجے تک بند رکھنے اور سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کوٹے میں تین ماہ کیلئے 50 فیصد کمی جیسے اقدامات شامل ہیں۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کیلئے فیول ریلیف اسکیم بھی جاری ہے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق اس اسکیم کے تحت 76 لاکھ سے زائد رجسٹریشنز مکمل ہوچکی ہیں جبکہ 77 لاکھ سے زائد ٹوکن استعمال کیے جاچکے ہیں۔