انجلینا جولی نے غزہ کی تباہی پر ایک بار پھر آواز اٹھا دی
ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے غزہ میں جاری تباہی اور انسانی بحران کی جانب ایک بار پھر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی ہے۔
انجلینا جولی نے غزہ کی تباہی سے متعلق سیٹلائٹ تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے کئی مکمل محلے ملبے میں تبدیل ہوچکے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں بڑی تعداد میں گھر، اسکول، اسپتال، سڑکیں اور بنیادی سہولیات تباہ ہوچکی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ سرد موسم شروع ہونے سے پہلے غزہ کی 94 فیصد آبادی کو رہائش، پناہ گاہ اور ضروری سامان کی فوری ضرورت ہے۔
انجلینا جولی اس سے قبل بھی غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرچکی ہیں۔ اپنے ایک سابقہ بیان میں انہوں نے غزہ کو فلسطینیوں اور ان کی مدد کرنے والوں کے لیے اجتماعی قبر سے تشبیہ دی تھی۔
ان کے اس بیان پر اسرائیل کے حامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل بھی سامنے آیا تھا۔