پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے پارٹی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کی بات کو کوئی اہمیت نہیں دیتے، اگر سلمان اکرم راجا میں اخلاقی جرات ہے تو انہیں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
وفاقی آئینی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ ملاقاتوں کے حوالے سے جس رہنما نے بات کی ہے، وہ ان کی بات کو دھیلے کی اہمیت بھی نہیں دیتے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ان کی ملاقات عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کے نتیجے میں ممکن ہوئی اور جون میں آنے والے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے یہ ملاقات کروائی گئی۔
لطیف کھوسہ نے سلمان اکرم راجا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج تک گرفتار بھی نہیں ہوئے، اس لیے وہ ان کی بات کو کوئی اہمیت نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجا کو سیکریٹری جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے اور اگر ان میں اخلاقی جرات ہے تو وہ عہدہ چھوڑ کر الگ ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو ان کے کردار یا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر اعتراض ہے تو اسے بھی استعفیٰ دے کر علیحدہ ہوجانا چاہیے۔
لطیف کھوسہ نے بانی پی ٹی آئی سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ چار گھنٹے طویل ملاقات تھی، جو کسی بھی لحاظ سے مختصر یا معمولی نہیں تھی۔ ان کے مطابق ملاقات عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کے ذریعے ممکن ہوئی اور اس حوالے سے تمام حقائق سامنے ہیں۔
پارٹی کے اندر اپنی حیثیت اور دیگر رہنماؤں کے اعتراضات سے متعلق بات کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ منظورِ نظر وہ ہیں یا میں، اس کا فیصلہ لوگ خود کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کو ان سے تکلیف ہے تو وہ استعفیٰ دے کر الگ ہوجائے، تاہم وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔