تازہ ترین

عالمی منڈی میں خام تیل مزید سستا، برینٹ 92 ڈالر فی بیرل پر آگیا

0

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور پیر کو برینٹ خام تیل کی قیمت 3.5 فیصد کمی کے بعد 92.44 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) 3.2 فیصد کمی سے 85.72 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔

تیل کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجوہات میں خلیجی ممالک سے تیل کی برآمدات کی بحالی اور عالمی منڈی میں طلب کے مقابلے میں رسد زیادہ ہونے کے خدشات شامل ہیں۔ دونوں اہم بینچ مارک خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

گولڈمین سیکس کے مطابق مشرق وسطیٰ کے تیل پیدا کرنے والے ممالک کی پیداوار بحال ہونے اور بلند قیمتوں کے باعث طلب میں کمی کے نتیجے میں 2027 کے دوران عالمی منڈی میں یومیہ 20 لاکھ بیرل اضافی تیل دستیاب ہونے کا امکان ہے۔

بینک نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ سال برینٹ خام تیل کی اوسط قیمت 88 ڈالر فی بیرل رہ سکتی ہے، جبکہ سال کے اختتام تک یہ کم ہو کر 78 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔

دوسری جانب جے پی مورگن کے تخمینے کے مطابق ستمبر میں عالمی سطح پر تیل کی رسد طلب سے یومیہ 11 لاکھ بیرل جبکہ اکتوبر میں 14 لاکھ بیرل زیادہ رہی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.