تازہ ترین

شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر دنیا کے بااثر ترین مسلم رہنماؤں میں پہلے نمبر پر آگئے

0

وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دنیا کے 500 بااثر ترین مسلمانوں کی تازہ فہرست میں مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ اس فہرست میں سعودی عرب اور ترکیہ کی اعلیٰ قیادت کو بھی پہلے نمبر پر شامل کیا گیا ہے۔

عمان میں قائم رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر (RISSC) کی جانب سے 2009ء سے سالانہ شائع ہونے والی اس فہرست میں پہلی مرتبہ متعدد شخصیات کو مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پہلے نمبر پر پانچ شخصیات کو تین مشترکہ اندراجات کے تحت شامل کیا گیا ہے، جن میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر، سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جبکہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان شامل ہیں۔

رپورٹ میں اس مشترکہ اعزاز کی وجہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو قرار دیا گیا ہے۔ مرکز کے مطابق یہ معاہدہ اجتماعی دفاع کے اصول پر مبنی ہے، جس کا بنیادی تصور ایک کے لیے سب اور سب کے لیے ایک ہے۔

پاکستان کے عالمی کردار کا جائزہ لیتے ہوئے رپورٹ میں اسلام آباد اور ریاض کے قریبی تزویراتی تعلقات، تہران کے ساتھ مسلسل سفارتی روابط اور بڑی عالمی طاقتوں کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھنے کی کوششوں کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔

فہرست میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای چوتھے، اردن کے شاہ عبداللہ دوم پانچویں اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی چھٹے نمبر پر ہیں، جبکہ پاکستان کے معروف مذہبی اسکالر مفتی محمد تقی عثمانی نے ساتویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

دیگر نمایاں شخصیات میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان بارہویں، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی بائیسویں اور پاکستانی مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل بتیسویں نمبر پر شامل ہیں۔ معروف فٹبالر محمد صلاح کو انتالیسویں پوزیشن دی گئی ہے۔

فہرست میں فلسطینی صدر محمود عباس پینتالیسویں، شام کے عبوری صدر احمد الشرع چھیالیسویں اور نیویارک کے میئر زہران ممدانی انچاسویں نمبر پر ہیں۔

پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کو سیاست کے شعبے میں اعزازی تذکروں میں شامل کیا گیا ہے۔ اس زمرے میں حماس کے رہنما خلیل الحیہ، لندن کے میئر صادق خان اور امریکی سینیٹر منتخب ہونے والے عبدالسلام السید کا نام بھی شامل ہے۔

اشاعت میں فلسطینی بچوں کے ماہر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو سال کی اہم ترین مرد شخصیت قرار دیا گیا ہے، جنہیں خطرات کے باوجود اپنے مریضوں کے ساتھ رہنے کے فیصلے پر یہ اعزاز دیا گیا۔ جبکہ امریکی حملے میں مناب کے اسکول سے زندہ بچنے والی فاطمہ زہرا شیخ آبادی کو سال کی اہم ترین خاتون شخصیت قرار دیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.