کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا فارمولا اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور آئندہ سال مارچ تک نئے انتظامی یونٹس وجود میں آ سکتے ہیں۔ ان کے مطابق عوامی حمایت، بیداری اور ریفرنڈم کے ذریعے اس فارمولے کو نافذ العمل بنایا جائے گا۔
گلشنِ اقبال بلاک 10 میں گلشن ریزیڈنٹس کمیٹی کے زیرِ اہتمام ریحان سوسائٹی میں منعقدہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ویتنام کی برآمدات 15 ارب ڈالر سے بڑھ کر 400 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جبکہ پاکستان آج بھی تقریباً 30 ارب ڈالر کی برآمدات اور 30 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر کے باوجود معاشی مشکلات اور قرضوں کے بوجھ کا سامنا کر رہا ہے۔
نشست میں سابق میئر کراچی وسیم اختر، خالد سلطان اور علاقے کی معزز شخصیات نے شرکت کی۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ملک میں اجارہ داری اور موروثی سیاست نے نظام کو مفلوج کر رکھا ہے، جبکہ پانی کے منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں محض تجربات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے گزشتہ 14 سے 18 برس کے دوران کراچی کو ایک قطرہ نیا پانی فراہم نہیں کیا اور کے فور منصوبہ آج بھی نامکمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 1988 کے بعد کراچی کو ملنے والا 20 کروڑ گیلن اضافی پانی ایم کیو ایم کے دورِ حکومت میں ممکن ہوا تھا۔
فاروق ستار نے کہا کہ ملک اور صوبے کی ترقی کے لیے اضلاع اور ڈویژنوں کو انتظامی بنیادوں پر خودمختار بنانا اور نئے انتظامی یونٹس قائم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ اسلام آباد سے آنے والی اس تجویز کی عوامی ریفرنڈم کے ذریعے حمایت کی جائے اور اہلِ خانہ سمیت شارع فیصل پر جمع ہو کر اپنی عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے۔
ان کے مطابق نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے صرف کراچی نہیں بلکہ لاڑکانہ، دادو، ٹنڈو محمد خان، نوابشاہ، سکھر اور حیدرآباد سمیت سندھ کے تمام اضلاع کے عوام کو یکساں حقوق اور ترقی کے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دور میں منتخب نمائندے عوام کی براہِ راست دسترس میں ہوتے تھے، جبکہ اب سندھ کے دور دراز علاقوں کے معمولی مسائل بھی کراچی میں بیٹھے وزیراعلیٰ کے صوابدیدی فیصلوں کے محتاج ہیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے انتظامی یونٹس کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ایک گھر میں بیٹے خود کفیل ہونے کے بعد اپنے الگ چولہے اور کچن قائم کر لیتے ہیں، لیکن ماں کے لیے تمام بیٹے اور بیٹیاں برابر رہتے ہیں، اسی طرح نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے پورا ملک اور صوبہ مضبوط ہوگا۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا فارمولا آخری مرحلے میں ہے اور آئندہ سال مارچ تک اس پر پیش رفت ممکن ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے کو عوامی حمایت اور ریفرنڈم کے ذریعے عملی شکل دی جائے گی۔