تازہ ترین

عالمی موسمیاتی فنڈز متاثرہ ممالک تک پہنچانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، وفاقی وزیر

0

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے عالمی برادری سے موسمیاتی انصاف اور مالی معاونت کی فوری فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلیشیئرز سے پیدا ہونے والی آفات پاکستان کی پہاڑی آبادیوں کو نسلوں تک غربت میں دھکیل رہی ہیں، جبکہ موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کو عالمی مالی معاونت کا مناسب حصہ نہیں مل رہا۔

ترکیہ میں اقوام متحدہ کی 31ویں عالمی موسمیاتی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر ’’ایڈوانسنگ دی ماؤنٹین ایجنڈا‘‘ کے عنوان سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں سب سے کم حصہ ڈالنے والے ممالک موسمیاتی تبدیلی کے سنگین نتائج بھگت رہے ہیں، جبکہ بین الاقوامی موسمیاتی مالی معاونت کا بڑا حصہ زیادہ اخراج کرنے والی معیشتوں میں مرکوز ہے۔

وفاقی وزیر نے عالمی تخمینوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے سالانہ تقریباً 40 ارب ڈالر درکار ہیں، تاہم اس مقصد کے لیے صرف 82 کروڑ 20 لاکھ ڈالر مختص کیے گئے اور 42 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جمع ہوئے، جبکہ متاثرہ ممالک کو کوئی رقم فراہم نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی نظام موسمیاتی تبدیلی کے اخراج پر زیادہ توجہ دے رہا ہے، جبکہ متاثرہ آبادیوں کی مشکلات، تباہی اور کمزوریوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ان کے بقول دنیا کی گرین فنانسنگ کا رخ اخراج کی طرف ہے، نہ کہ متاثرہ آبادیوں اور ان کی تباہ حالی کی طرف۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان کے شمالی علاقوں میں گلیشیئرز سے جھیلیں پھٹنے کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اچانک آنے والے سیلاب گھروں، روزگار اور خاندانوں کی برسوں کی معاشی محنت کو تباہ کر دیتے ہیں۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے علاقے حسن آباد کی رہائشی زہرا کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے شوہر کھیتوں میں کام کر رہے تھے جب پہاڑ سے بڑے پتھر گرنے لگے اور زمین لرزنے لگی۔

ان کے مطابق زہرا کے شوہر گھر پہنچے، اپنی اہلیہ اور بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، تاہم خاندان سمیت سیکڑوں دیگر افراد اپنے گھر اور روزگار سے محروم ہوگئے۔ وزیر نے بتایا کہ اس واقعے میں تقریباً ایک ہزار گھرانے متاثر ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہاڑی علاقوں کے خاندانوں کو ایسی آفات کے معاشی اثرات سے نکلنے اور غربت سے باہر آنے میں بعض اوقات تین سے چار نسلیں لگ جاتی ہیں۔

وفاقی وزیر نے ایک اور واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ خان نامی ایک چرواہے نے گلیشیئر سے آنے والے خطرے کو محسوس کرکے موبائل فون کے ذریعے نشیبی آبادیوں کو اطلاع دی، جس کے نتیجے میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا موقع ملا۔ اس آفت میں تقریباً 3 ہزار گھر تباہ ہوئے۔ انہوں نے چرواہے کے بروقت انتباہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے کسی چرواہے کے موبائل فون کے سگنل پر انحصار کرنا قابلِ قبول ابتدائی انتباہی نظام نہیں ہے۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے گلیشیئرز کی نگرانی، سائنسی تحقیق اور باقاعدہ ابتدائی انتباہی نظام قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 13 ہزار 500 سے زائد گلیشیئرز کی نشاندہی کی جا چکی ہے، اس لیے ان کی حرکیات اور ممکنہ خطرات کو سمجھنے کے لیے عالمی سائنسی تعاون ضروری ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ پہاڑی ماحولیاتی نظام عالمی موسمیاتی نظام سے جڑا ہوا ہے اور بلند پہاڑی علاقوں میں ہونے والی تبدیلیاں بالآخر میدانی علاقوں کو بھی متاثر کر سکتی ہیں۔ ان کے مطابق آئندہ پانچ، دس یا پندرہ برسوں میں ان تبدیلیوں کے اثرات میدانی علاقوں تک پہنچ سکتے ہیں، اس لیے خطرات سے پہلے ہی نمٹنے کے لیے تحقیق اور حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ڈالتا ہے، لیکن موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران پاکستان کا تقریباً ایک تہائی حصہ زیرِ آب آگیا تھا، جو ترقی پذیر ممالک کو درپیش غیر متناسب موسمیاتی نقصانات کی واضح مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو عالمی اخراج میں کم حصہ ڈالنے کے باوجود امیر معیشتوں کے مقابلے میں زیادہ شرح سود پر قرضے لینے پڑتے ہیں۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے موسمیاتی اقدامات کے لیے حقوق پر مبنی نظام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ آبادیوں کو بروقت انتباہ، باوقار بحالی اور ضرورت کے وقت پانی تک رسائی کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ موسمیاتی وعدوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے اور گلیشیئرز کی نگرانی، ابتدائی انتباہی نظام، سائنسی تحقیق، ماحولیاتی موافقت اور متاثرہ آبادیوں کی بحالی کے لیے مؤثر مالی معاونت فراہم کی جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.