اساتذہ معاشرے کی تعمیر و ترقی کے حقیقی معمار ہیں، لعل جان جعفر
سیکرٹری سیکنڈری اسکولز ڈیپارٹمنٹ بلوچستان لعل جان جعفر نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اساتذہ کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی کے حقیقی معمار ہیں، جو نئی نسل کو علم کی روشنی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی فکری، اخلاقی اور عملی تربیت میں بھی بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے حصول کے لیے باصلاحیت، تربیت یافتہ، باوقار اور پیشہ ورانہ طور پر مضبوط اساتذہ ناگزیر ہیں، اسی لیے تعلیمی نظام میں اساتذہ کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔
لعل جان جعفر نے کہا کہ رواں سال عالمی یومِ اساتذہ کا موضوع ’’اساتذہ کے ساتھ کھڑے ہوں: پیشے کے تحفظ، اس کی حیثیت کے فروغ اور اپنے مستقبل کی تشکیل کے 60 سال‘‘ اس امر کی اہمیت اجاگر کرتا ہے کہ اساتذہ کے پیشہ ورانہ وقار، حقوق، استعدادِ کار اور سازگار تدریسی ماحول کو یقینی بنانا تعلیمی ترقی کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان جیسے وسیع اور متنوع صوبے میں اساتذہ نہ صرف بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں بلکہ دور دراز علاقوں میں علم کی شمع روشن کرکے معاشرتی تبدیلی کی بنیاد بھی مضبوط کر رہے ہیں۔
سیکرٹری سیکنڈری اسکولز نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا تعلیم دوست وژن صوبے کے ہر بچے کو معیاری تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنے اور تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے پر مرکوز ہے، جس میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان تعلیمی شعبے میں اصلاحات، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، تعلیمی اداروں میں بہتر ماحول کی فراہمی اور تدریسی معیار میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ طلبہ کو محض نصابی علم تک محدود رکھنے کے بجائے تحقیق، تخلیقی سوچ، کردار سازی اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ صلاحیتوں سے بھی آراستہ کیا جا سکے۔
لعل جان جعفر نے کہا کہ مضبوط تعلیمی نظام کی کامیابی کا انحصار اساتذہ کی صلاحیت، عزم اور پیشہ ورانہ وابستگی پر ہے، اس لیے اساتذہ کے مقام و وقار کو بلند کرنا اور انہیں ضروری سہولیات و تربیت فراہم کرنا حکومت کی اہم تعلیمی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر بلوچستان بھر کے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت، لگن اور احساسِ ذمہ داری ہی ایک تعلیم یافتہ، باشعور اور ترقی یافتہ بلوچستان کی مضبوط بنیاد ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ سیکنڈری اسکولز اساتذہ کے پیشہ ورانہ وقار کے تحفظ، ان کی استعدادِ کار میں اضافے اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتا رہے گا۔