اسلام آباد: حکومت نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کے لیے مختصر مدتی ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت 300 ارب روپے مختص کردیے ہیں، جبکہ کاروباری اداروں کو بینکوں سے قرضوں کی فراہمی آسان بنانے اور شفافیت بہتر کرنے کے لیے ڈیجیٹل پورٹل بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
یہ بات پیر کو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ایس ایم ایز کی مالی معاونت سے متعلق اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں ایس ایم ای کنیکٹ پورٹل اور برآمدی فنانسنگ کے اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں قرضوں کی فراہمی، سرمایہ کاری اور برآمدی سرگرمیوں میں اضافہ ہونا چاہیے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معاشی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان تک مالی معاونت کی رسائی بڑھانا ضروری ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کے وژن کے مطابق چھوٹے کاروباروں، خصوصاً برآمدات سے وابستہ اداروں کو زیادہ سے زیادہ مالی سہولتیں فراہم کرنے پر زور دیا۔
اجلاس کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے یکم نومبر 2026 کو شروع کیے گئے ایس ایم ای کنیکٹ پورٹل پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ پورٹل کے ذریعے کاروباری ادارے اپنی تفصیلات رجسٹر کرانے، مالی ضروریات جمع کرانے اور درخواستوں کی صورتحال معلوم کرنے کے ساتھ بینکوں کے جوابات اور کارروائی کے دورانیے کی نگرانی بھی کرسکیں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ پورٹل مالی معاونت کے عمل میں شفافیت بڑھانے اور مقررہ وقت کے اندر بینکوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے میں مدد دے گا۔ انہوں نے درخواستوں کی صورتحال اور بینکوں کے ردعمل سے متعلق جامع رپورٹنگ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ پورٹل ایس ایم ایز کو مالی معاونت کی فراہمی میں شفافیت اور جوابدہی بہتر بنانے کی جانب اہم قدم ہے، تاہم بینک درخواستوں پر کارروائی اپنے متعلقہ نظام اور قرضوں کی پالیسیوں کے تحت جاری رکھیں گے۔ وزیر خزانہ نے کم ڈیجیٹل اور مالیاتی آگاہی رکھنے والے کاروباری افراد کے لیے بینک برانچوں کے ذریعے سہولت فراہم کرنے اور ڈیجیٹل فنانسنگ کے عمل کو مزید مربوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان (ایگزم بینک) نے اجلاس کو برآمدی فنانسنگ کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ مختصر مدتی ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت 300 ارب روپے خصوصی طور پر ایس ایم ایز کے لیے مختص کیے گئے ہیں، تاکہ انہیں کاروباری ضروریات پوری کرنے اور برآمدی سرگرمیاں بڑھانے کے لیے مالی معاونت فراہم کی جاسکے۔
اجلاس میں طویل مدتی قرضوں تک ایس ایم ایز کی رسائی بہتر بنانے اور برآمدات سے وابستہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کی سہولت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل رابطے، قرضوں کی درخواستوں پر بروقت فیصلوں اور چھوٹے کاروباروں کو درپیش عملی مشکلات دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن، چیئرمین پاکستان بینکس ایسوسی ایشن، چیف ایگزیکٹو ایس ایم ای ڈی اے اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔