لاہور: جماعت اسلامی نے مہنگائی، کسانوں کو درپیش مشکلات اور بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے خلاف ملک گیر احتجاجی مہم کو وسعت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں 22 نومبر کو کوئٹہ جبکہ 29 نومبر کو لاہور کے مینار پاکستان پر بڑے عوامی جلسے منعقد کیے جائیں گے، بعد ازاں پشاور اور کراچی میں بھی اجتماعات ہوں گے۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے بتایا کہ جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک میں پیٹرولیم مصنوعات اور مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی بڑھتی قیمتوں، کسانوں کے معاشی مسائل اور بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی تحریکوں میں تشدد یا ڈنڈوں کا استعمال نہیں ہونا چاہیے، جماعت اسلامی کی مہم منظم اور پُرامن رہے گی۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل چھ مرتبہ کمی کی گئی، تاہم اس کا مکمل فائدہ عوام تک نہیں پہنچ سکا، کیونکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوئی اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں بھی تبدیلی نہیں آئی۔ ان کے مطابق ایل پی جی بھی سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت ہو رہی ہے، جبکہ اس کی قیمت 500 روپے فی کلو سے تجاوز کر چکی ہے۔ انہوں نے بجلی اور گیس کے بھاری نرخوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے دعویٰ کیا کہ ملک میں تیل صاف کرنے والی ریفائنریاں پیٹرولیم مصنوعات سے بھاری منافع کما رہی ہیں۔ حکومت کی جانب سے 2 نومبر کو اعلان کردہ ایک ماہ کے انتظام کے تحت آئل ریفائنریوں کو پیٹرولیم لیوی میں ماہانہ مجموعی طور پر 15 ارب روپے کا بوجھ برداشت کرنا ہے، جس کے نتیجے میں صارفین کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 71 پیسے فی لیٹر کمی ممکن ہوئی۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے پنجاب حکومت کی زرعی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے کسان مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ڈی اے پی کھاد کی 50 کلو کی بوری کی قیمت 17 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ یوریا بھی مارکیٹ میں آسانی سے دستیاب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمت 40 کلو کے حساب سے 8 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے، جبکہ کسانوں نے گندم 3 ہزار 500 روپے سے کم فی 40 کلو کے نرخ پر فروخت کی تھی، جو بعد میں بڑھ کر تقریباً 5 ہزار 500 روپے ہو گئی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران کپاس کی کاشت کا رقبہ 60 فیصد کم ہوا ہے اور روایتی کپاس پیدا کرنے والے علاقوں میں گنے کی کاشت بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کو گنے کی مناسب قیمت نہیں مل رہی، جبکہ 15 نومبر کی مقررہ تاریخ کے باوجود بعض شوگر ملوں کی جانب سے کرشنگ شروع کرنے کے حوالے سے بھی خدشات موجود ہیں۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے الزام عائد کیا کہ ملک کی تقریباً 75 فیصد شوگر ملیں چند بااثر سیاسی خاندانوں کی ملکیت ہیں اور مختلف مافیاز قلت اور منڈی میں بگاڑ سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔
بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے انتخابات میں تاخیر اور پنجاب کے بلدیاتی قانون میں ترامیم کے خلاف عدالتوں سے رجوع کیا ہے۔ انہوں نے موجودہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے مسترد کیا اور مطالبہ کیا کہ قانون میں ایسی ترامیم کی جائیں جن سے بروقت انتخابات اور مؤثر مقامی نمائندگی یقینی بنائی جا سکے۔
پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی اور حکومت کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ تکنیکی ٹیم نے مجوزہ معاہدے کا مسودہ تیار کر لیا ہے، جس کا حکومت جائزہ لے گی۔ ان کے مطابق پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی مہم کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافے کو روکنے اور موٹر سائیکلوں سمیت ایک ہزار سی سی سے کم انجن والی گاڑیوں کے مالکان کو ریلیف دلانے میں مدد ملی۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے مطالبہ کیا کہ موجودہ ریلیف پیکیج کا دائرہ ایک ہزار 300 سی سی تک کی گاڑیوں، ڈیزل سے چلنے والی زرعی مشینری اور عوامی ٹرانسپورٹ تک بڑھایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ واپس نہیں لیا اور حتمی معاہدے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست صارفین تک منتقل کیا جائے اور آئل ریفائنریوں کے منافع پر بھی قابو پایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی مشکلات کا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے حکمرانوں اور بیوروکریسی کے شاہانہ اخراجات اور مراعات میں کمی کی جانی چاہیے۔